وفاقی وزیر برائے اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے میثاق جمہوریت کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا ہے، پیپلز پارٹی نے خزانے کے منہ کھول دیئے ہیں، بولیاں لگ رہی ہیں۔
شبلی فراز نے سینیٹ الیکشن سے متعلق میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے پاس اپنے امیدوار کو جتوانے کے لیے نمبرز نہیں ہیں، آئین کے خالق ذوالفقار بھٹو کو غلط طریقے سے استعمال کیا جارہا ہے، پیپلز پارٹی نے بینظیر بھٹو کے کیے گئے معاہدے سے لا تعلقی کر دی ہے، رضا ربانی نے شہید بینظیر کے میثاق جمہوریت کا معاہدہ کچرے کی ٹوکری میں پھینک دیا۔
شبلی فراز نے کہا ہے کہ ڈیپ اسٹیٹ کا سوال رضا ربانی سے پوچھیں، رضا ربانی نے عدالت میں کہہ دیا کہ ووٹ کو سینیٹ الیکشن میں خفیہ ہونا چاہیے، پیپلزپارٹی کو مبارکباد دیتا ہوں، رضا ربانی نے کہہ دیا کہ ووٹ کو سیکریٹ ہونا چاہیے، بھٹو کے بعد کی پیپلزپارٹی نے کہا یوسف رضا گیلانی الیکشن جیتیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نظام کو آئین کے لبادے میں غلط طور پر استعمال کیا جاتا ہے، پیپلزپارٹی کی جمہوریت کے لیے بہت قربانیاں ہیں، آئین کے خالق ذوالفقارعلی بھٹو کو غلط طریقے سے استعمال کیا جارہا ہے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے2018 کے انتخابات میں اپنے20 ممبران کو بکنے پر باہر نکالا، پاکستان تحریک انصاف اپنے موقف پرمضبوطی سے کھڑی ہے، پی ٹی آئی حکومت ایسا راستہ بنانا چاہتی ہے جس پر ہر کوئی چل سکے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشنز میں وہی جماعتیں جیتیں جن کی ان علاقوں میں سیٹیں تھیں۔
شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہم ایک ہی دن میں جادو کی چھڑی سے نظام ٹھیک نہیں کرسکتے، عوامی نمائندوں پر بکنے کے سوالات اٹھیں تو یہ آنے والی نسلوں سے زیادتی ہوگی۔
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ سینیٹ کے اوپن الیکشن کو روکنے کی پوری کوشش کی جارہی ہے، یہ ووٹ بیچنے کی روایت کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں، ہم اپنے موقف پر مضبوطی سے کھڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب کی تمام نشستیں انہی جماعتوں کی تھیں جو انہوں نے جیتی ہیں، ہم نے صاف ستھری سیاست کی بنیاد رکھی ہے۔
Comments are closed.