پاکستان تحریک انصاف کے بعض ارکان اسمبلی نے جہانگیر ترین کی حمایت کا اعلان کردیا۔
ارکان اسمبلی کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ بعض ارکان اسمبلی جہانگیر ترین کے ہمراہ عدالت بھی گئے۔
شوگر ملز میں جعلی بینک اکاؤنٹس کے معاملے پر تحریک انصاف کے کئی ارکان اسمبلی نے جہانگیر ترین کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
بینکنگ کورٹ میں جہانگیر ترین اور علی ترین کی پیشی سے قبل ارکان اسمبلی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
ملاقات کرنے والوں میں ایم این اے غلام بی بی بھروانہ، غلام احمد لالی، راجہ ریاض، صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال، ایم پی اے زوار وڑائچ، نذیر بلوچ، اسلم بھروانہ، طاہر رندھاوا، چوہدری افتخار گوندل، غلام رسول سنگھا، سلمان نعیم اور ٹکٹ ہولڈر سجاد وڑائچ شامل تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر عبدالحئی دستی، امیر محمد خان اور سابق مشیر خرم لغاری نے بھی جہانگیر ترین کو اپنی حمایت کا یقین دلا دیا۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیرِ داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے جہانگیر ترین کے شکوے کا جواب دے دیا۔
مشیرِ داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ احتساب اور قانون کی بالادستی کا نعرہ لگا کر دوسروں کو پکڑیں اور اپنوں کو چھوڑ دیں، کسی ایک گروہ یا شخص کے خلاف کارروائی نہیں کی جارہی۔
پی ٹی آئی ارکان کے جہانگیر ترین کے ساتھ عدالت جانے پر شہزاد اکبر نے کہا کہ میری ذمے داری احتساب کی نہ ہوتی تو شاید میں بھی ساتھ چلا جاتا، ساتھ جانے کا مقصد گروپ بنانا نہیں۔
Comments are closed.