پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ڈسکہ اور وزیر آباد دور کی بات، انہیں نوشہرہ میں گھس کر مارا ہے، عوام اپنے ووٹ پر پہرا دینا جانتے ہیں۔
وارداتیوں کو رنگے ہاتھوں ڈسکہ کے عوام نے پکڑ لیا ہے، انہوں نے بجلی، گیس، چینی کی چوری کے بعد الیکشن کمیشن کے عملے کو چوری کیا۔
ڈسکہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ چور چور کا شور مچانے والو سن لو، عوام کو اصل چور کا پتہ چل گیا ہے، اِن چوروں نے الیکشن کمیشن کا عملہ ہی چوری کرلیا۔
مریم نواز نے کہا کہ 14 گھنٹوں کے بعد جب پریذائیڈنگ آفیسرز واپس آئے تو ان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا وہ کہاں تھے، عوام نے اس بار ووٹ چوری ہونے نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران کی بے وقوفی نے ڈسکہ کا الیکشن پورے پاکستان کا الیکشن بنادیا۔
مریم نواز نے کہا کہ ذیشان کی جان گئی، لیکن مقدمہ اس کے بھائی کےخلاف درج کیا جارہا ہے، انہوں نے کیا کیا حربہ نہیں اپنایا، افسران کے تبادلے کیے گئے، سروے میں ن لیگ اوپر اور یہ کہیں تھے ہی نہیں، پی ٹی آئی کو معلوم تھا ذلت ہونے والی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ووٹ چوروں سے کہتی ہوں، شرم کرو حیا کرو، عوام نے ان کی ضمانتیں ضبط کروادیں، ان کے اپنے امیدوار کی موجودگی میں فائرنگ کروائی گئی، فائرنگ کا مقصد عوام میں خوف و ہراس پھیلانا تھا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ڈسکہ کے عوام نے ووٹ چوروں اور خوف و ہراس کو شکست دی، ووٹ کو عزت دینے والوں نے خوف کو شکست دی۔
مریم نواز نے کہا کہ ان سے جب کچھ نہیں ہوا تو پولنگ کو سست کروایا گیا، پولنگ اسٹیشنوں کے باہر لوگوں کی لائنیں لگی ہوئی تھیں۔
Comments are closed.