وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے کبھی بھی پیسے کی سیاست نہیں کی۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں اظہار خیال کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ ہم سیاست میں میں پیسے کا استعمال اور ووٹوں کی خرید و فروخت ختم کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی پیسے کی سیاست کبھی نہیں رہی، شفاف انتخابات کا انعقاد اور سیاست میں پیسے کا کردار ختم کرنا ہمارے منشور کا حصہ ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مجھے اگر ووٹ خریدنے پڑتے تو آج پارلیمنٹ میں نہیں ہوتا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اوپن بیلٹ پر تو کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے، ہم اس معاملے پر عدالت گئے ہیں وہ ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں سے رہنمائی مل سکتی ہے۔
شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ عمران خان 2013ء سے اوپن بیلٹ کی بات کرتے آرہے ہیں، پی ٹی آئی نے اپنی جماعت سے 20 ممبران اسمبلی کو نکالا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان 22 سال کی جدوجہد کے بعد حکومت میں آئے، سمجھوتا نہیں کیا، وزیراعظم کیوں ایسے فیصلے کریں گے جس سے پارٹی کو نقصان پہنچے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد آپ کچھ نہیں کرسکتے، اسمبلی میں اکثریت نہ ہونے کے باوجود ہم نے اوپن بیلٹ کے لیے ترمیمی بل پیش کیا۔
Comments are closed.