پاکستان تحریک انصاف نے لانگ مارچ میں جاں بحق ہونے والے دو کارکنوں کو 1،1 کروڑ روپے کا امدادی چیک دے دیا۔
اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ٹوئٹر، انسٹاگرام اور فیس بک پر ایک تصویر شیئر کی۔
تصویر میں صوبائی وزیر عاطف خان کو لانگ مارچ میں جاں بحق ہونے والے کارکن سید احمد جان کے اہلخانہ کو امدادی چیک دیتے ہوئے دِکھایا گیا ہے۔
عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’پاکستان تحریک انصاف نے حقیقی آزادی مارچ کے دوران جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوانوں کے لواحقین کو فی خاندان 1 کروڑ روپے ادا کیے ہیں‘۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ تصویر خیبرپختونخوا سے جاں بحق ہونے والے کارکن سید احمد جان کے اہلخانہ کو دیے گئے امدادی چیک کی ہے‘۔
واضح رہے کہ 25 مئی کو پی ٹی آئی کی جانب سے ملک بھر میں لانگ مارچ کا آغاز کیا گیا تھا۔
لانگ مارچ کے دوران، پولیس اور کارکنان کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے 2 کارکنان فیصل عباس چوہدری اور سید احمد جان جاں بحق ہوگئے تھے۔
Comments are closed.