پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تحریک انصاف اور ن لیگ کو یوٹرن لینے والی جماعتیں قرار دے دیا۔
آزاد کشمیر میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن میں مدمقابل حریف جماعتوں پر تنقید کی اور کہا کہ ہم پی ٹی آئی اور ن لیگ کی طرح یو ٹرن لینے والے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ وزیر اعظم لوگوں سے روٹی کپڑا اور مکان چھین رہا ہے، آپ کو کشمیر کو تباہی سے بچانا ہے۔
پی پی چیئرمین نے مزید کہاکہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کریں گے، یہی پیپلز پارٹی کا فلسفہ رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے پرویز مشرف کو بھگایا اور نواز شریف کا مقابلہ کیا، جیالے اس کٹھ پتلی حکومت کو بھگائیں گے اور کشمیر کا سودا نہیں ہونے دیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ عوام کےساتھ مل کر نالائق اور نااہل سلیکٹڈ حکومت کا مقابلہ کریں گے، نااہل حکومت کو بھی ایسے بھگائیں گے جیسے سب کو بھگایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کلبھوشن جادھو کو این آر او دینےکےلیے رات کی تاریکی میں آرڈیننس جاری کیا گیا، کیا آپ اس کٹھ پتلی حکومت کو اجازت دیں گے۔
پی پی چیئرمین نے واضح طور پر کہا کہ عمران خان نے کلبھوشن جادھو کو این آر او دینا ہے تو خود ہی دیں، اس معاملے میں پیپلز پارٹی ملوث نہیں ہوگی۔
اُن کا کہنا تھاکہ جو رات میں ایک اور دن میں دوسری بات کرے، ایسا وزیر اعظم ہمیں قبول نہیں، ایسے شخص کو حق نہیں ہونا چاہیےکہ وہ وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھے۔
Comments are closed.