پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین قومی اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کے لیے طلب کر لیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے استعفی دینے والے تحریک انصاف کے اراکین کو تصدیق کے لیے 6 جون کو طلب کرلیا، قومی اسمبلی سیکریٹری نے مستعفی اراکین کو مراسلے جاری کردیے گئے۔ استعفوں کی تصدیق کا عمل 10 جون تک جاری رہے گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ روزانہ 30 مستعفی اراکین اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کریں گے، ہر رکن کے لیے 5 منٹ کا وقت مقرر ہے۔
پی ٹی آئی کے اراکین نے 11 اپریل کو مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ مستعفی اراکین کی تعداد 131 ہے۔
ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ اسمبلی سیکرٹیریٹ کی جانب سے مستعفی اراکین کو مراسلے جاری کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی کور کمیٹی کے اجلاس میں اسمبلیوں میں واپس نہ جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت انفرادی طور پر پی ٹی آئی کے استعفیٰ منظور کرنے سے متعلق سوچ رہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کور کمیٹی اجلاس کے حوالے سے کہا کہ اسمبلی میں جانے یا نہ جانے پر کافی بحث ہوئی ہے اور فی الحال اسمبلی میں واپس نہ جانے کا فیصلہ ہوا ہے۔
یاد رہے کہ 9 اپریل 2022 کو عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد پی ٹی آئی کے اراکین کی جانب سے اس کے اگلے روز ہی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
Comments are closed.