پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے اتحادی اور اپنے اراکین بھی وفاقی حکومت سے بیزار ہوچکے ہیں، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حکمت عملی نے وزیراعظم عمران خان کو بند گلی میں کھڑا کردیا ہے۔
صدر پیپلز پارٹی سندھ نثار کھوڑو نے پیپلز پارٹی کے اراکین سندھ اسمبلی کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ میں اوپن ووٹنگ کے لیے آئین میں ترمیم پارلیمنٹ کی دوتہائی اکثریت کرسکتی ہے، اراکین کو ضمیر کے مطابق آئین کے تحت ووٹ دینے کا حق ہونا چاہیے۔
عشائیے میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، قائم علی شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے علاوہ سندھ سے پیپلز پارٹی کے سینیٹ امیدواروں اور پیپلز پارٹی اراکین اسمبلی نے بھی شرکت کی۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ سینیٹ میں سندھ تو کیا وفاق میں بھی کامیابی سے تبدیلی سرکار کو سرپرائز دینگے۔
انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوچکا ہے، مصنوعی اکثریت کے سہارے اب عمران خان کی سرکار مزید اقتدار میں نہیں رہ سکتی، سہارا دینے والے اتحادی اور دیگر اب عمران کو مزید کندھا دینے کو تیار نہیں ہیں۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ ملک کو بحران اور عوام کو مسائل سے نکالنے کا واحد حل قبل از وقت انتخابات ہیں، سینیٹ انتخابات کے بعد تمام جماعتوں پر مشتمل تین ماہ کے لیے نگران حکومت قائم کی جائے۔
Comments are closed.