پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہباز گل کے خلاف مقدمہ ایس ایچ او محمود اکبر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق مقدمے میں 6 گارڈز کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پولیس نے ضمنی انتخاب کے دوران شہباز گل کو مظفر گڑھ سے پنجاب اسمبلی کے حلقے 272 میں پارٹی امیدوار معظم خان جتوئی کی فیکٹری سے 6 مسلح گارڈز سمیت گرفتار کیا تھا۔
پولیس نے شہباز گل کے ساتھ پی ٹی آئی کے ضلعی صدر ملک عامر کو بھی گرفتار کیا اور انہیں گرفتاری کے بعد تھانہ صدر علی پور منتقل کردیا۔
ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ نے بتایا کہ شہباز گل کے ہمراہ 6 گارڈز کو تحویل میں لیا ہے، جن سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
تھانہ صدر علی پور کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔
اس سے قبل پولیس کی آمد پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے شہباز گل کو گرفتاری سے بچانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم ناکام رہے۔
پی ٹی آئی رہنما کی گرفتاری الیکشن کمیشن کے حکم پر عمل میں آئی، اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب کو مراسلے ارسال کیے تھے۔
الیکشن کمیشن نے اپنے مراسلے میں لکھا تھا کہ شہباز گل کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا جائے۔
مراسلے میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی شق 15 اور 16 کی خلاف ورزی کی ۔
مراسلے میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ شہباز گل مظفر گڑھ میں نقص امن کا باعث بن رہے ہیں ،اسے انہیں گرفتار کرکے الیکشن کمیشن کے احکامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
Comments are closed.