اتوار یکم جمادی الثانی 1444ھ 25 ؍دسمبر 2022ء

پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم عالمی اسٹیبلشمنٹ کے ایجنٹوں کا ٹولہ ہے، سراج الحق

became a tyrant

مردان:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم ایک سکے کے دو رخ ہیں دونوں عالمی استعمار کے ایجنٹ ہیں، ان نا اہل افراد کا ٹولہ ملک پر مسلط ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے عوام کو غلام بنایا، غریب ،غریب تر اور امیر، امیر تر ہوتا جا رہا ہے،  انہوں نے میری قوم کے منہ سے نوالہ چھینا،بچوں کو تعلیم سے محروم کیا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ موجودہ،سابقہ حکمرانوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح  کے افکار فرمودات سے بے وفائی کی اور ملک کے اسلامی نظریے،آئین، جغرافیے کے ساتھ غداری کی ہے یہ وہ پاکستان نہیں جو 1947 میں محمد علی جناح کی ولولہ انگیز لازوال جدو جہد کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر معرض و جود میں آیا تھا  بد قسمتی کے ساتھ جتنے بھی حکمران آئے ملک بد حالی کی طرف گیا۔

سراج الحق نے کہاکہ سب آزمائے جا چکے اب صرف جماعت اسلامی حقیقی معنوں میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے، ہمارا عزم ہے کہ ووٹ کی طاقت سے فرسودہ نظام سے نجات حاصل کر کے اسلام کا بہترین نظام لائیں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور حکمران عیاشیوں میں مصروف ہیں ان لوگوں کے پاس عوام کے مسائل کا کوئی حل نہیں یہ عوام کے لیے ایٹم بم سے زیادہ خطرناک ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کی قوم نے مارشل لاء کو بھی دیکھا روٹی کپڑا مکان والوں کی حکمرانی بھی دیکھی،تبدیلی کا مزہ بھی چکھ لیا لیکن انکے مسائل حل نہیں ہوئے۔قوم کے مسائل کا حل صرف اور صرف اسلامی نظام میں ہے۔

You might also like

Comments are closed.