اتوار یکم جمادی الثانی 1444ھ 25 ؍دسمبر 2022ء

قائد کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر ملک کو مستحکم کریں گے:صدر، وزیراعظم

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ قائد کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر ملک کو مستحکم کریں گے۔

 صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ان کا کشمیر سے متعلق اہم بیان بھی شیئر کیا۔

صدر عارف علوی نے قائد اعظم محمد علی جناح کے 146 ویں یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج قائد کے جمہوری اقدار کے وژن کو برقرار رکھنے کا عہد کریں، خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے قائد کے فرمان پر عمل درآمد کریں گے، اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط پر عمل کرتے ہوئے خوشحالی اور ترقی کی طرف سفر کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ صحیح وقت پر درست فیصلہ کریں گے اور قائداعظم کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر ملک کو مستحکم کریں گے۔

صدرمملکت نے کہا کہ قائداعظم نے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کوئی قوم اپنی شہ رگ کو دشمن کے قبضے میں رکھنے کی اجازت نہیں دے سکتی، کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے یومِ قائد کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد اعظم کی جدوجہد کی بدولت آج ہم آزادی سے سانس لے رہے ہیں، قائد اعظم نے مسلمانانِ برِصغیر کو حقوق کا صحیح معنوں میں ادراک کروایا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ قائد کی جدوجہد کا مقصد ایسی ریاست کا بھی قیام تھا جس میں اقلیتیں بغیر کسی خوف و خطر اپنی زندگیاں گزاریں، بھارت انتہا پسند سوچ کی وجہ سے بطورِ ریاست اقلیتوں کے تحفظ میں ناکام ہے، قائداعظم کی دور اندیشی اور دو قومی نظریے کیلئے دی گئی دلیلوں کی صداقت ثابت ہوتی ہے۔

شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم کی زندگی اصول پسندی، آئینی جدوجہد کا عملی نمونہ تھی، قوم کو آج قائدِ اعظم کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی زیادہ ضرورت ہے، پاکستان اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے، ہمیں آج قائد کے اصولوں پر چلنے کی زیادہ ضرورت ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ والدین اور اساتذہ نسلِ نو کو قائدِ اعظم اور تحریکِ پاکستان کے دیگر قائدین کی زندگیوں کے بارے میں آگاہی فراہم کریں۔

You might also like

Comments are closed.