پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے پاکستان کرکٹ کے ساتھ ان کا سفر ختم ہوگیا ہے، انہوں نے ہمیشہ پاکستان کرکٹ کے لیے ایماندارانہ طور پر فیصلے کرنے کی کوشش کی۔
لاہور سے جاری کئے گئے اپنے بیان میں وسیم خان نے کہا کہ بطور برٹش پاکستانی اور سابق کرکٹر انہوں نے 3 سال قبل پاکستان آنے کا فیصلہ کیا جس کا مقصد 22 کروڑ کرکٹ کی دیوانی قوم کیلئے کھیل کی بہتری میں اپنا حصہ ڈالنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی اور کرائسز سے نمٹنے کیلئے راتوں کو جاگ کر کام کیا۔
سابق چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ان کی روح میں گھل مل گئی ہے، مجھے فخر ہے میں بھی تاریخ کا چھوٹا سا حصہ بن گیا ہوں۔
وسیم خان نے کہا کہ وہ چند ہفتوں بعد لاہور سے انگلینڈ روانہ ہوجائیں گے، پاکستانی فینز کی محبت اور سپورٹ کے علاوہ وہ کچھ مس نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان لوگوں سے پیار کرنے والا ملک ہے، انہیں پاکستانی عوام کی خدمت کرنے پر فخر ہے۔
Comments are closed.