جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

پی ایس ایل 6: سلطانز کا یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 151 رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے کپتان محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 151 رنز کا ہدف دے دیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے اس میچ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

سلطانز کو 4 کے اسکور پر ہی کرس لین کی صورت میں اپنی پہلی وکٹ گنوانا پڑی، تاہم کپتان محمد رضوان کے ساتھ جیمز وینس نے ٹیم کو 52 کے مجموعے تک پہنچایا۔

یہاں جیمز وینس آؤٹ ہوئے تو پھر رضوان کا ساتھ نبھانے کے لیے ریلی روسو آئے، انھوں نے 87 کے مجموعے تک رضوان کا ساتھ نبھایا، جس کے بعد وہ شاداب خان کا شکار بن گئے۔

اس کے بعد ملتان سلطانز کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، لیکن ان فارم محمد رضوان کا بلا بھی رنز اگلتا رہا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھتا رہا۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے 71 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو قابلِ اعتبار 150 کے ٹوٹل تک پہنچایا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے محمد وسیم جونیئر نے 3 جبکہ لوئیس گریگوری نے دو وکٹیں لیں۔

حسن علی ، فہیم اشرف اور شاداب خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

ٹاس کے موقع پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ میدان میں اوس سے فائدہ اٹھائیں گے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ ہم مخالف ٹیم کو 140 رنز تک روکنے کی کوشش کریں گے۔

دوسری جانب ملتان سلطانز کے کپتان کا کہنا تھا کہ وہ آج اپنی بہترین ٹیم کے ساتھ میدان میں اترے ہیں اور کنڈیشنز سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کپتان شاداب خان، الیکس ہیلز، فل سالٹ، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، لوئیس گریگوری، فہیم اشرف، حسن علی، ظفر گوہر اور محمد وسیم جونیئر  شامل ہیں۔

ملتان سلطانز کی ٹیم کپتان محمد رضوان، کرس لین، جیمز وینس، ریلی روسو، صہیب مقصود، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، کارلوس بریتھ ویٹ، سہیل تنویر، محمد عمر اور صہیب اللہ پر مشتمل ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.