وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حکومتی ترجمانوں نے خود طوفان بدتمیزی مچایا ہوا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں سعید غنی نے پیکا ترمیمی آرڈیننس کی مذمت کی اور حکومتی ترجمانوں کی بدتمیزی کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ جھوٹی خبریں پی ٹی آئی نے نشر کروائیں، پیکا ترمیمی آرڈیننس عجیب مذاق ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ عالی جناب وزیراعظم عمران خان کو خود پر تنقید گوارا نہیں ہے، کسی آمر کے دور میں بھی ایسے قوانین نہیں بنائے گئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت میں آئی تھی تو پٹرول 86 روپے فی لٹر تھا اور آج 160 روپے کا مل رہا ہے۔
سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ وفاق کی طرف سے مہنگائی ہونے پر سندھ حکومت پر مہنگائی میں اضافے کا الزام لگادیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم 27 فروری کے مارچ میں شریک ہو کر عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے لیے بلاول بھٹو کا ہاتھ بٹائیں۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ کراچی میں جرائم پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، جلد ہی صحافی اطہر متین کے قاتل گرفتار ہوں گے۔
Comments are closed.