پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر اور صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی میں بلدیاتی انتخابات بھی جیتے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی کہا ہے کہ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پیپلزپارٹی پر اعتماد کیا اور تاریخی فتح دلائی، پیپلزپارٹی کے کارکنان نے محنت کی۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ حلقے کے لوگوں نے پی ٹی آئی کی مہنگائی کی پالیسی کو مسترد کیا، حلقے کے لوگوں نے پیپلزپارٹی سے امیدیں باندھی ہیں ہم ان کو مایوس نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کراچی میں بلدیاتی انتخابات بھی جیتے گی، پیپلزپارٹی آئندہ کے عام انتخابات میں کراچی سے مزید نشستیں جیتے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں ہونے والے الیکشن میں غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے قادر مندوخیل کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے مفتاح اسماعیل دوسرے نمبر پر رہے۔
حلقے کے 276 پولنگ اسٹیشنز کے تمام نتائج آگئے ہیں، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے قادر مندوخیل 16156 ووٹ لے کر پہلے جبکہ ن لیگ کے مفتاح اسماعیل 15473 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق کالعدم ٹی ایل پی کے نذیر احمد 11125ووٹ لےکر تیسرے، پی ایس پی کے مصطفیٰ کمال 9227 ووٹ لےکر چوتھے، تحریک انصاف کے امجد آفریدی 8922 ووٹ لے کر پانچویں اورایم کیوایم پاکستان کےمحمدمرسلین 7511 ووٹ لے کر چھٹے نمبر پر ہیں۔
Comments are closed.