بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کو سندھ کابینہ میں شمولیت کی دعوت دے دی

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے پی ٹی آئی حکومت سے علیحدگی پر طے پانے والے معاہدے پر عملدر آمد شروع ہوگیا، پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کو سندھ کابینہ میں شمولیت کی دعوت دے دی۔

 پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)  کا وفد متحدہ کے دفتر پہنچا۔ ملاقات میں بلدیاتی ڈرافٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایم کیو ایم کے عارضی مرکز پر ہونے والی ملاقات میں پیپلز پارٹی کی طرف سے ناصر حسین شاہ اور سعید غنی شامل تھے، جبکہ ایم کیو ایم کی طرف سے کنوینر خالد مقبول صدیقی، ڈپٹی کنوینر عامر خان اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔

 بات چیت کے دوران پیپلز پارٹی، میونسپل فنکشن کونسلرز کو دینے اور صوبائی مالیاتی کمیشن پر عمل درآمد کرنے کی شق پر آمادہ ہوگئی۔

اس کے علاوہ ایم کیو ایم کو سندھ کابینہ میں دو وزارتوں کی پیشکش بھی کی گئی۔

 ناصر شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ سندھ کے وسیع تر مفاد میں ایم کیوایم کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

ایم کیو ایم رہنما کنور نوید کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے وفد سے کراچی اور حیدر آباد کی ترقی پر گفتگو ہوئی، ہماری کوشش ہے کہ معاہدے کے مطابق قانون سازی ہوجائے۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے پر عمل کے بعد صوبائی حکومت کے معاملے پر غور کریں گے۔

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیو ایم کا وفد جلد آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات کرے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.