وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پیلٹ گنز کے بے دریغ استعمال سے بڑے پیمانے پر کشمیری نوجوان نابینا ہوگئے، بھارت کشمیریوں کے ارادوں کو توڑنے میں ناکام رہا ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے او آئی سی انسانی حقوق کمیشن کے وفد نے ملاقات کی، وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش کیا۔
عمران خان نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا حق خودارادیت مانگ رہے ہیں، کشمیر اور فلسطین کی صورتحال تاریخ کی بہت بڑی ناانصافی ہے، دنیا اور او آئی سی ان مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 2 سال میں انسانی حقوق کی صورتحال تشویشناک ہوچکی ہے، 5 اگست 2019 سے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں میں تیزی آئی۔
عمران خان نے کہا کہ بھارتی حکومت نے ڈھٹائی سے کشمیریوں کے ساتھ وحشیانہ سلوک کیا، کشمیریوں کو ماورائےعدالت قتل اور تشدد کر کے معذور کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بڑی تعداد میں حریت پسند رہنماؤں کو بھی حراست میں لیا گیا، ظلم کا ہرحربہ استعمال کر کے بھی بھارت کشمیریوں کی تحریک دبانے میں ناکام رہا، کشمیری مسلمانوں کو بھارتی قبضے، جبر سے آزادی کے مطالبے پر نشانہ بنایا جارہا ہے، کشمیری مسلمانوں کوحق خودارادیت کے ساتھ مذہبی آزادی سے بھی محروم کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو اکثریت اور الگ شناخت کھونے کا خطرہ ہے، کشمیر کی تازہ صورتحال جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی اور جنگی جرائم کے مترادف ہے۔
Comments are closed.