جنوبی افریقا نے پاکستان کو پہلے ٹی 20 میچ میں جیت کے لیے 189 رنز کا بڑا ہدف دے دیا۔
جوہانسبرگ میں کھیلے جارہے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹ پر188 رنز بنائے۔
آج کے میچ میں جنوبی افریقا کی طرف سے دو نصف سنچریاں اسکور کی گئیں، جن میں سے ایک اوپنر ایڈن مارکرم اور دوسری کپتان ہینرک کلاسن کی رہی۔
جنوبی افریقی اوپنر نے پاور پلے کا خوب فائدہ اٹھایا اور پہلے 4 اوورز میں 31 رنز بٹور لیے، اسی دوران شاہین آفریدی کو ایک ہی اوور میں 2 چھکے بھی لگے۔
چوتھے اوور کی آخری گیند پر محمد نواز نے جنوبی افریقی اوپنر ملان کو پویلین کی راہ دکھادی۔
اس سے اگلے ہی اوور میں حسن علی نے لوبے کو میدان بدر کردیا جو آج اپنا پہلا میچ کھیل رہے تھے جنہوں نے صرف 4 رنز بنائے۔
تاہم اگلے اوور میں اوپنر ایڈن مارکرم نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور محمد نواز کے تیسرے اوور میں 2 چوکے لگائے۔
تیسری وکٹ پر مارکرم نے کپتان ہینرک کلاسن کے ساتھ مل کر 62 رنز کی شراکت قائم کی اور اسکور 98 رنز تک پہنچادیا۔
مارکرم نے مجموعی طور پر 51 رنز کی اننگز کھیلی، اس دوران 8 چوکے اور ایک چھکا لگایا، انہیں محمد نواز نے محمد رضوان کی مدد سے قابو کیا۔
جنوبی افریقی کپتان کلاسن نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی انہوں نے 25 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی، وہ پورے 50 رنز بناکر حسن علی کا شکار بن گئے۔
اس دوران بلجوئن کو شاہین شاہ آفریدی نے پویلین کا راستہ دکھایا، انہوں نے 24 گیندوں پر 34 رنز کی اننگز کھیلی۔
جنوبی افریقا کے آخری آؤٹ ہونے والے بیٹسمین جارج لِنڈا تھے، جو 6 رنز بناکر حارث رؤف کا شکار بنے۔
پاکستان کی طرف سے محمد نواز اور حسن علی 2 ، 2، شاہین شاہ آفریدی اور حارث روف نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔
جنوبی افریقا کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹی 20 میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
جوہانسبرگ میں کھیلے جارہے پہلے ٹی 20 میں جنوبی افریقی ٹیم پاکستان سے ایک روزہ سیریز کی شکست کا بدلہ لینے کے عزم کے ساتھ اتری ہے۔
اس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے اور پاکستان کو بڑا ہدف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کی طرف سے کپتان بابراعظم، فخرزمان، محمد رضوان، حیدر علی، محمد حفیظ، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور عثمان قادر جنوبی افریقا کے خلاف عمدہ پرفارمنس دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
ٹیم پاکستان نے جنوبی افریقا کو 3 میچوں کی سیریز میں 2-1 سے شکست دی ہے۔
گرین شرٹس کی طرف سے بیٹنگ میں فخر زمان، بابراعظم اور امام الحق نے شاندار کھیل پیش کیا جبکہ بولنگ میں حارث روف، شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز عمدہ پرفارمنس دے رہے ہیں۔
Comments are closed.