بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پہلا اسکل ٹیکنالوجی پارک بننے جا رہا ہے: فردوس عاشق اعوان

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ کا پہلا اسکل ٹیکنالوجی پارک بننے جا رہا ہے، پنجاب کا پہلا اسکل میپنگ پراجیکٹ کامیابی سے جاری ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اگلے 2 سال میں ٹیوٹا کے تمام اداروں کو سی بی ٹی اینڈ اے پر لیکر جائیں گے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ٹیوٹا اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی ٹیکنیکل سپورٹ سے 17سینٹر آف ایکسیلنس بنانے جا رہا ہے، پاکستان کی پہلی الیکٹرک کار بھی ٹیوٹا میں تیار ہوگی اور ٹیوٹا کے 140اداروں میں سی بی ٹی اینڈ اے کے تحت 37 کورسز کرائے جا رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ  ہنر مند پروگرام کے تحت 1 لاکھ سے زائد نوجوانوں کو مفت فنی تعلیم دی گئی اور پنجاب میں نئی ٹیکنیکل یونیورسٹیاں بنائی گئیں۔

اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیالکوٹ میں عالمی معیار کی انجینئرنگ یونیورسٹی بنائی جارہی ہے جبکہ اپرنٹس شپ ایکٹ کے تحت نوجوانوں کو انڈسٹریز میں ٹریننگ دی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ٹویوٹا کے لیے 3 ارب روپے کا بجٹ دیا ہے جبکہ ہنر مند نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے اسکل پنجاب پورٹل بنایا گیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی نے کہا کہ سابقہ حکومت نے فنی تعلیم اور روزگار سے متعلق مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔

اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت وزیرِ اعظم عمران خان کے وژن اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں بڑے پیمانے پر روزگار کی فراہمی کے لیے فنی تعلیم کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.