پولینڈ کے مختلف تعلیمی اداروں کے ساتھ مشترکہ تعلیمی پروگرام شروع کرنے کے لیے پولینڈ میں پاکستانی سفیر محمد فاروق ملک نے اپنی کوششیں تیز کردی ہیں۔
اس حوالے سے گذشتہ ہفتے کے دوران انہوں نے پولینڈ کے مختلف اعلیٰ تعلیمی اداروں کا دورہ کیا۔ جن میں یورپ کی قدیم ترین جاگلونین یونیورسٹی کراکوو، پوزنان یونیورسٹی، وارسا یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، وستولا یونیورسٹی وارسا، وارسا اسکول آف اکنامکس، اور لاڈز میڈیکل یونیورسٹی شامل ہیں۔
اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے طلبہ کا زیادہ تر رجحان امریکہ، برطانیہ اور اسی طرح کے معروف تعلیمی مراکز کی جانب نظر آتا ہے۔ جبکہ پاکستان کی خواہش ہے کہ اس کے طالب علم دنیا کے دوسرے خطوں کے علم سے بھی فیضیاب ہوں اور ان کے ساتھ بھی پاکستان کے تعلیمی اداروں کا اشتراک ہو۔
سفیر پاکستان نے مزید بتایا کہ ان تمام ملاقاتوں کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ پولینڈ کے تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک عمل کی بہت گنجائش موجود ہے، کیونکہ یہاں کے تمام بڑے تعلیمی اداروں میں اعلیٰ تعلیم انگریزی زبان میں حاصل کی جا سکتی ہے اور ان اداروں میں تعلیمی اخراجات بھی مناسب ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد اس حوالے سے عملی اقدامات سامنے آجائیں گے۔
Comments are closed.