وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے مٹھی بھر کارکن پولیس کی پشت پناہی سے 4 دن سے عوام کو پریشان کر رہے ہیں، پولیس کی حفاظت اور سرکاری پروٹوکول میں سڑکیں بند کی جا رہی ہیں، یہ صورتحال نہ صرف نا قابل برداشت ہے بلکہ لاکھوں عوام کیلئے تکلیف دہ ہے۔
اپنے بیان میں رانا ثناء نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان کے سڑکیں بند کرنے سے عوام بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، عوام کے کاروبار، خوشی غمی میں شرکت اور تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، سڑکیں بند ہونے سے مریض اسپتالوں میں پہنچنے سے قاصر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ پریشان کن صورتحال سے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، ہم کسی قسم کا سیاسی تصادم نہیں چاہتے نہ ہی اس کی اجازت دے سکتے ہیں۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ اندیشہ ہے عوام عمران کے فسادی اور فتنہ انگیز پیروکاروں کا خود محاسبہ شروع کر دیں گے، مقامی ن لیگی رہنما اور اراکین اسمبلی عوام کو مشکلات سے نکالنے میں کردار ادا کریں۔
Comments are closed.