جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

پولیس افسر کو قتل کرنے والا ملزم مقابلے میں ہلاک

گزشتہ سال کراچی میں ایک پولیس مقابلے کے دوران ایڈیشنل ایس ایچ او گلستان جوہر رحیم کو قتل کرنے والا مطلوب ملزم واحد بخش عرف فوجی جلبانی مارا گیا، کئی وارداتوں میں مطلوب ملزم سے دو پستول اور گاڑی برآمد ہوئی ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کے مطابق گلستان جوہر بلاک 18 میں مطلوب ملزم کی اطلاع پر پولیس پہنچی تو مقابلہ ہوگیا، مقابلے میں واحد بخش جلبانی عرف فوجی جلبانی ہلاک ہو گیا جس کے قبضے سے دو پستول اور ایک گاڑی برآمد کی گئی۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ہلاک ملزم قتل، اقدام قتل، ڈکیتیوں اور پولیس مقابلوں کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو کراچی اور اندرون سندھ  مطلوب تھا۔

گزشتہ سال 25 ستمبر کو گلستان جوہر میں مقابلے کے دوران ایڈیشنل ایس ایچ او سب انسپکٹر رحیم کو بھی فائرنگ کر کے شہید کیا تھا۔

 ملزم کا تعلق لاڑکانہ سے تھا اور یہ فرضی ناموں سے وہاں بھی گرفتار ہوچکا تھا، پولیس نے لاڑکانہ میں اسکا آبائی گھر مسمار کردیا تھا جبکہ یہ فرار تھا، اس کے خلاف کئی مقدمات درج تھے۔

 ملزم چلتی گاڑی سے کلاشنکوف چلانے کا ماہر تھا اور ایڈیشنل ایس ایچ او گلستان جوہر کو چلتی گاڑی سے فائرنگ کر کے شہید کیا تھا، ملزم کی مختلف وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی موجود ہیں جس میں یہ وارداتیں کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.