امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی قربانی دیں۔ مرکزی اور سندھ اسمبلی تحلیل کرکے نگران حکومتیں قائم کی جائیں۔
لاہور سے جاری اپنے ایک بیان میں سراج الحق نے کہا کہ پورے ملک میں ایک ہی روز قومی انتخابات کی راہ ہموار کی جائے۔ الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کراچی کے 6 حلقوں کے نتائج کا اعلان کرے۔
سراج الحق نے کہا کراچی میں جاری بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور اسٹریٹ کرائم کا حل بااختیار شہری حکومت ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت الیکشن کمیشن پر اثر انداز نہ ہو، دھونس دھاندلی سے کراچی کا میئر نہیں بننے دیں گے۔
عوام نے جماعت اسلامی کا ساتھ دیا، شہر کا میئر بھی جماعت اسلامی کا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کو دیوار سے لگانے کے بجائے گلے سے لگایا جائے۔
Comments are closed.