وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ہم نے پوری کوشش کی ہے کہ مسئلہ حل کریں، ایسا حل کہ ان کے کسی عمل سے پاکستان کو نقصان نہ پہنچے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اور اللّٰه نے قلعے کی چوکیداری اور ذمہ داری عمران خان کو دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت 35 کلومیٹر لمبی سڑک او دو ڈیم بنا رہی ہے، لوگ باتیں کرتے ہیں اور عمران خان سارے کام کرتے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ یہ کرپٹ ،بے ایمان اپوزیشن یہ کیا سوچتی ہے کیا بیچتی ہے، عمران خان کو تھکی ہوئی اپوزیشن ملی ہےجس کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے اور پلگ میں کچرا پھنسا ہواہے ، لائن اور لینتھ بھی صحیح نہیں ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خاں صاحب گاڈ از گریٹ ،اللّٰہ آپ سے کام لے رہا ہے، آپ اسلام کیلئے ہیں، اسلام آباد آپ کو اللّٰہ اور عوام نے دیا ہے ، بعض لوگ اسلام آباد کی طرف صرف ترسی ہوئی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور بعض لوگ اسلام کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ اللّٰہ نیتوں کا پھل دیتا ہے اور آپ کو نیتوں کا پھل دے رہا ہے ،اس ملک میں ٹانگ کھینچنے والوں کی کمی نہیں ہے،وہ لوگ جن کے عقیدے نہیں ملتے وہ بہانے اور موقع کی تلاش میں ہوتے ہیں ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جس کا نام عمران خان ہے اس نے شکست نہیں سیکھی،آپ انشا اللّٰہ اسلام اور ملک دشمنوں کو شکست دیں گے،اللّٰہ جسے چاہتا ہے عزت دیتا ہے حکمرانی دیتا ہے اور چھین بھی لیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ حکمرانی ہماری وجہ سے ہے، وفاقی وزیر نے کہا کہ اللّٰہ نے مجھے وزیراعظم آپ کے ساتھ کام کرنے کا موقع دیا ہے،آپ کے ساتھ سیاست میں آیا ہوں آپ کے ساتھ جاؤں گا،مجھے پوری امید ہے آپ کے تمام دشمن شکست کھائیں گے۔
Comments are closed.