پنجاب کے 20 صوبائی حلقوں میں 17جولائی کو ہونے والے ضمنی انتخابات کیلئے پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کردیا، پیپلز پارٹی کے امیدوار کاغذاتِ نامزدگی واپس لے لیں گے، ن لیگ نے ضمنی انتخابات کے لئےحمایت پر آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے اظہارِ تشکر کیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر سید حسن مرتضیٰ کی صوبائی وزراء عطا اللّٰہ تارڑ اور ملک احمد خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔
حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پنجاب کی 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، مستقبل میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ انتخابی میدان میں سیاسی حریف ہی رہیں گی، مگر اس وقت ملکی ضرورت کے مطابق پیپلز پارٹی ن لیگ کے امیدواروں کی حمایت کرے گی۔
ن لیگی رہنما اور صوبائی وزیر ملک احمد خان نے دعویٰ کیا کہ مشترکہ الیکشن لڑ کر پی ٹی آئی کو تمام نشستوں پر شکست دیں گے، اب تک کی رپورٹس کے مطابق ضمنی انتخابات میں ن لیگ کی صورتحال بہتر ہے۔
صوبائی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب اور وفاق میں مشترکہ حکومت ہے، اتفاق اور اتحاد قائم رکھا جائے گا، صرف انتخابات نہیں، بلکہ گورننس کے محاذ پر بھی ایک ہیں۔
عطاء اللّٰہ تارڑ نے واضح کیا کہ جو بھی قانون ہاتھ میں لے گا، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
Comments are closed.