بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پنجاب میں ڈینگی سے 4، KPK میں 1 مریض کا انتقال

ملک میں ڈینگی وائرس کے وار جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 5 ڈینگی مریض انتقال کر گئے۔

پنجاب کے دارالخلافہ لاہور میں اس وائرس کے باعث مزید 4 مریض انتقال کر گئے، محکمۂ صحت کے مطابق رواں سال صوبے بھر میں اب تک ڈینگی سے 126 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

محکمۂ صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے مزید 139 مریض سامنے آئے ہیں، جن میں سے صرف لاہور میں 106 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

رواں سال پنجاب سے اب تک ڈینگی وائرس کے 23 ہزار 866 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جبکہ اس دوران صرف لاہور میں ڈینگی کے 17 ہزار 203 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

محکمۂ صحت پنجاب نے بتایا کہ پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں اس وقت ڈینگی وائرس کے 1 ہزار 215 مریض داخل ہیں، جبکہ لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کے 888 مریض داخل ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں مزید 32 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، فیصل آباد سے 5، سرگودھا سے 4 ڈینگی مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

رواں برس راولپنڈی سے ڈینگی کے سامنے آنے والے مریضوں کی کُل تعداد 3 ہزار 181 ہوگئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 12 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں۔

ڈی ایچ او اسلام آبادزعیم ضیاء کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں رواں سال اب تک 4 ہزار 554 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

ادھر خیبر پختون خوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس سے ایک اور شخص جان سے گیا، جس کے بعد صوبے میں ڈینگی سے انتقال کر جانے والوں کی تعداد 10ہوگئی ہے۔

محکمۂ صحت کے مطابق سردی بڑھتے ہی خیبر پختون خوا میں ڈینگی کے کیسز کی شرح میں کمی ہوئی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.