جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کے قیام کی منظوری

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔

پنجاب ماڈل بازار منیجمنٹ کمپنی ختم کرکے سہولت بازار اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جس کے لیے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منظوری دے دی ہے جبکہ اتھارٹی کے پیٹرن انچیف اورصوبائی وزیر صنعت چیئرپرسن خود عثمان بزدار ہوں گے۔

اس حوالے سے عثمان بزدار نے کہا کہ سہولت بازاروں میں کسان پلیٹ فارم بھی لگائے جائیں گے، کسان پلیٹ فارم کے ذریعے کاشتکار اپنی اشیاء براہ راست فروخت کرسکیں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ سہولت بازار اتھارٹی صوبہ بھر میں سہولت بازاروں کے قیام کو یقینی بنائے گی جبکہ سہولت بازاروں کا دائرہ کار ہر ضلع اور ہر تحصیل تک بڑھایا جائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ بازار سال کے 365دن فنکشنل رہیں گے، عوام کو مہنگائی سے نجات ملے گی اورحقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا۔

بزرگ شہریوں نے وزیراعلیٰ سے کہا کہ انہیں یہاں انہیں کوئی پریشانی نہیں، عملہ ہر موقع پر رہنمائی کرتا ہے۔

عثمان بزدار نے یہ بھی کہا کہ اتھارٹی صوبہ بھر میں 400 سے زائد سہولت بازار قائم کرے گی، سستے سہولت بازاروں میں آٹا اور دیگر اشیاء ضروریہ نوٹیفائیڈ ریٹ پر دستیاب ہوں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ سستے سہولت بازاروں میں اشیاء ضروریہ سرکاری نرخوں پر ملیں گی، عوام کو ریلیف دینے اور پرائس کنٹرول کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.