صوبۂ پنجاب کے سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کی حتمی میرٹ لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کے ترجمان کے مطابق یونیورسٹی نے میرٹ لسٹ اپنی ویب سائٹ پر جاری کر دی ہے، جو 4485 امیدواروں پر مشتمل ہے۔
ترجمان کے مطابق یو ایچ ایس نے 8 دسمبر کو عبوری میرٹ لسٹ جاری کی تھی، امیدواروں کو لسٹ پراعتراضات کے لیے 48 گھنٹوں کا وقت دیا گیا تھا۔
یو ایچ ایس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امیدواروں نے آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنے اعتراضات درج کرائے، 48 گھنٹے کے اندر 1159 اعتراضات درج کرائے گئے تھے، تمام اعتراضات کا جائزہ لینے کے بعد حتمی میرٹ لسٹ جاری کی گئی ہے۔
یو ایچ ایس کے ترجمان کے مطابق اوپن میرٹ اور کوٹہ سیٹوں پر 3389 امیدواروں کو داخلہ دیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق سرکاری میڈیکل کالج الاٹ کرنے کے لیے پہلی سلیکشن لسٹ 15 دسمبر کو آویزاں کر دی جائے گی۔
Comments are closed.