بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پنجاب: ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا ٹیکس وصولی کا ہدف 43 ارب روپے مقرر

محکمۂ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے بتا دیا کہ وہ رواں مالی سال 2022ء – 2023ء کے دوران کتنا ٹیکس وصول کرے گا، ٹیکس وصولی کے لیے 43 ارب سے زائد کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ڈی جی ایکسائز پنجاب نے متعلقہ ڈائریکٹرز کو ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے ریونیو جمع کرنے کے لیے بہتر حکمتِ عملی بنانے کا حکم دیا ہے۔

ڈی جی ایکسائز پنجاب نے متعلقہ ڈائریکٹرز کو ہدایت دی ہے کہ رعایت کے دنوں میں زیادہ سے زیادہ ٹیکس جمع کیا جائے۔

حکام محکمۂ ایکسائز کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر سے 21 ارب 36 کروڑ روپے پراپرٹی ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

محکمۂ ایکسائز کے حکام نے بتایا کہ موٹر برانچز کو رجسٹریشن، ٹرانسفر، ٹوکن ٹیکس کی مد میں ساڑھے 17 ارب کا ہدف دے دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں سوا 2 ارب، پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 1 ارب 43 کروڑ اور لگژری ہاؤسز ٹیکس کی مد میں 10 کروڑ روپے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

محکمۂ ایکسائز کے حکام نے بتایا کہ ہائی وے ٹیکس کی مد میں 63 کروڑ، کاٹن فیس کی مد میں 22 کروڑ کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ رواں مالی سال میں 4 ارب 32 کروڑ اضافی ٹیکس وصول کیا جائیگا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال میں 39 ارب 18 کروڑ کا ہدف مقرر کیا گیا تھا تاہم رواں سال 2022ء – 2023ء کے دوران ٹیکس وصولی کے اس ہدف کو بڑھا کر ساڑھے 43 ارب مقرر کیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.