پیر 14؍رجب المرجب 1444ھ6؍فروری 2023ء

پرویز مشرف کی میت دبئی سے پاکستان لانےمیں تاخیر کا سامنا

دبئی میں گزشتہ روز انتقال کر جانے والے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی میت دبئی کے مقامی اسپتال کے مردہ خانے میں رکھی گئی ہے۔

سابق صدر پرویز مشرف کی میت دبئی سے پاکستان منتقل کیے جانے میں تاخیر کا سامنا ہے۔

اس سے قبل پاکستانی وقت کے مطابق پرویز مشرف کی میت ساڑھے 11 بجے دن پاکستان کے لیے روانہ کی جانی تھی۔

سفارتی حکام کے مطابق اب خصوصی طیارے کے ذریعے سہ پہر میں جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کا جسدِ خاکی دبئی سے پاکستان کے لیے روانہ کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب میت پاکستان لے جانے کے لیے یو اے ای میں پاکستانی سفارت خانے نے این او سی جاری کر دیا ہے۔

سابق صدر پرویز مشرف کی میت کے ہمراہ ا ن کی اہلیہ صہبا، بیٹا بلال اور بیٹی بھی پاکستان جائیں گے۔

سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی انتقال کے وقت عمر 79 برس تھی، طویل عرصے سے دبئی کے امریکن اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

واضح رہے کہ سابق صدر اور آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف اتوار کی صبح دبئی میں انتقال کر گئے تھے، ان کی عمر 79 برس تھی۔

پرویز مشرف اعضاء کی خرابی کی بیماری (ایمیلوئیڈوسس) میں مبتلا اور 18 مارچ 2016ء سے دبئی کے امریکی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

خاندانی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پرویز مشرف کو کراچی میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.