سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے کہا ہے کہ پرویزالہٰی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانا ہماری ترجیح تو نہیں ہوسکتی
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران محمد زبیر نے کہا کہ ق لیگ کے رہنما پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانا ہماری ترجیح تو نہیں ہوسکتی، اس حوالے سے بات چیت ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ ن لیگ قیادت نے فیصلہ کرلیا ہے۔
سابق گورنر سندھ نے مزید کہا کہ بہت سی چیزیں ایسی ہیں، جن پر اتفاق کرنا آسان نہیں، کوشش کی جارہی ہے کہ ایسا فیصلہ کریں جو ملک کے لیے بہتر ہو۔
اُن کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں حکومت کی اتحادی جماعتیں بھی عدم اعتماد میں ساتھ دیں، 172 ارکان کی حمایت اتحادیوں کے بغیر بھی ہمیں حاصل ہے، جن میں پی ٹی آئی کے ارکان شامل ہیں۔
محمد زبیر نے یہ بھی کہا کہ آصف زرداری اور بلاول کی شہباز شریف سے پہلی ملاقات میں مریم نواز بھی موجود تھیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا فیصلہ سب سے زیادہ اہم ہوتا ہے، مریم نواز فیصلہ سازی میں شامل ہیں، انہیں کسی نے ملاقاتوں میں شرکت سے منع نہیں کیا۔
واضح رہے کہ جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ میرے خیال میں موجودہ حکومت سےجان چھڑانے کیلئے پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ مسلم لیگ ق کو دیا جانا ممکن ہے۔
Comments are closed.