پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی خوامخواہ عدالتوں کا وقت ضائع کر رہے ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہمارے پاس پہلے دن سے 177 کی تعداد موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ تحریک انصاف اور ق لیگ کے پاس کتنی تعداد ہے؟ مجھے سمجھ نہیں آ رہی یہ کیا کیس لڑ رہے ہیں۔
ن لیگ پنجاب کی ترجمان نے مزید کہا کہ ایک طرف کہہ رہے ہیں، ہمیں7 دن کا ٹائم دیں، پوچھتی ہوں 7 دن میں کونسا حج ختم ہونے والا ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ 7 دن میں کون سے لوگ احرام اتار کر واپس آئیں گے؟ خوامخواہ عدالتوں کا وقت ضائع کیا جا رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حمزہ شہباز اس وقت بھی وزیراعلیٰ پنجاب ہیں، دوبارہ الیکشن اور گنتی کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب وہ ہی ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی ایک روتے بچے کی طرح ہیں، ان کو پتہ ہے میں ہار گیا ہوں، وہ پچ پر بیٹھ کر رو رہے ہیں کہ کھیلنے نہیں دوں گا۔
ن لیگی ترجمان نے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ آف پاکستان آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ دے گی کیونکہ پنجاب کو منتخب وزیراعلیٰ نے چلانا ہے جو موجود ہے۔
Comments are closed.