پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاملات پر بات چیت جاری ہے، ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی ایک سال کے لیے توسیع کرنے پر رضامند ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف سے تکنیکی سطح پر بات چیت آئندہ ہفتے شروع کرے گا، اسٹاف سطح پر مذاکرات مکمل کرنے کے لیے آئی ایم ایف وسطِ مئی میں مشن پاکستان بھیجے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا توسیع شدہ پروگرام ستمبر میں ختم ہو رہا ہے، پاکستان نے آئی ایم ایف کا توسیع شدہ پروگرام ایک سال بڑھانے کی درخواست کی ہے جس پر آئی ایم ایف پروگرام کی ایک سال کے لیے توسیع کرنے پر رضامند ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سابقہ حکومت کی فیول، تیل، بجلی پر سبسڈی واپس لی جائے گی، مشن کے پاکستان آنے سے پہلے تیل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔
ساتویں ریویو پر اتفاق ہونے کے بعد آئی ایم ایف بورڈ کو بھجوایا جائے گا، جس کے بعد آئی ایم ایف بورڈ پاکستان کو اگلی قسط کی منظوری دے گا۔
آئی ایم ایف دسمبر میں طے پائے ٹارگٹ میں تبدیلی کے اعدادکا جائزہ لینا چاہتا ہے، آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ پاکستان دسمبر میں طے پائے ٹارگٹ سے کم سے کم انحراف کرے۔
آئی ایم ایف آئندہ سال کےبجٹ کے لیے مجموعی حکمتِ عملی پر اتفاق بھی چاہتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے ساتھ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی سالانہ میٹنگز واشنگٹن میں ہو رہی ہیں۔
وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل ان مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
Comments are closed.