جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

پرتھ ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم مشکلات کا شکار

پرتھ ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز 450 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی بولرز نے پاکستان کے بیٹرز کو مشکل میں ڈال دیا۔

دوسری اننگز میں پاکستان کے 6 کھلاڑی 63 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 2 رنز پر گری جب عبداللّٰہ شفیق 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد قومی ٹیم کی دوسری وکٹ 17 رنز پر گری جب شان مسعود کو 2 رنز پر جوش ہیزل ووڈ نے کیچ آؤٹ کرایا۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 19 رنز پر گری، اس مرتبہ امام الحق 10 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی چوتھی وکٹ 48 رنز پر گری جب بابر اعظم 14 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ پانچویں وکٹ 56 رنز پر گری جب سرفراز احمد 4 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کی چھٹی وکٹ 63 رنز پر گری جب آغا سلمان 5 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن دوسرے سیشن میں آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 233 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی تھی جس کے بعد پاکستان کو جیت کے لیے 450 رنز کا ہدف ملا تھا۔

چوتھے دن کھیل کا آغاز

آج چوتھے دن آسٹریلیا نے اپنی نامکمل دوسری اننگز کا آغاز 2 وکٹ کے نقصان پر 84 رنز سے کیا۔

آسٹریلوی بیٹر اسٹیون اسمتھ 43 اور عثمان خواجہ نے 34 رنز کے ساتھ دوبارہ کھیلنا شروع کیا تو کچھ ہی دیر میں فاسٹ بولر خرم شہزاد نے 87 رنز پر پاکستان کے لیے تیسری وکٹ حاصل کر لی۔

خرم شہزاد نے 45 رنز پر اسٹیون اسمتھ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 107 رنز پر گری جب ٹریوس ہیڈ 14 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ 233 رنز پر گری جب عثمان خواجہ 90 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جس کے بعد آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگ ڈیکلیئر کردی اور پاکستان کو جیت کے لیے 450 رنز کا ہدف دیا۔

 آسٹریلوی بیٹر مچل مارش دوسری اننگز میں 63 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

یاد رہے کہ اس ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں آسٹریلیا نے 487 رنز بنائے تھے جس کے بعد پاکستان ٹیم پہلی اننگ میں 271 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

پاکستان ٹیم کو آؤٹ کرنے کے بعد آسٹریلیا نے 216 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگ کا آغاز کیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.