وزیراعظم عمران خان نے جہلم شاہراہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ تقریب سے خطاب میں اپوزیشن پر نشانے لگانے سے بھی نہ چوکے۔
جہلم شاہراہ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ آج ٹیکنالوجی کا دور ہے، حیران ہیں کہ اپوزیشن ووٹنگ کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال سے ڈری ہوئی ہے۔
انہوں نے استفسار کیا کہ اپوزیشن ووٹنگ کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کیوں نہیں چاہتی؟، سمجھ نہیں آتی اپوزیشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین(ای وی ایم) سے کیوں ڈری ہوئی ہے؟
عمران خان نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کا استعمال ہورہا ہے، پتا نہیں اپوزیشن کو ٹیکنالوجی سے کیا مسئلہ ہے، چین کی ترقی کی وجہ ان کی قیادت کی دور اندیشی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ برطانوی وزیراعظم آج ماحولیات کے تحفظ پر پاکستان کی تعریف کررہا ہے، پچھلی حکومتیں تعریف کے لیے اربوں خرچ کرتی تھیں، دنیا نے تعریف نہیں کی۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ صرف پاکستان نہیں ساری دنیا میں مہنگائی کا سیلاب ہے، ورلڈ بینک کہہ رہا ہے پاکستان میں پی ٹی آئی کے دور میں غربت کم ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا سیلاب باہر سے آرہا ہے، دنیا میں تیل کی قیمتیں 3 ماہ میں دگنی ہوگئیں، تیل کی قیمتیں مزید بڑھنےکا خدشہ ہے، حکومت پر اعتماد ہونا چاہیے مہنگائی سے بھی نکالیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ کہتے ہیں کرپشن کرپشن لگائی ہوئی ہے، ہمیں تو روٹی چاہیے، وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا، جس کے حکمران کرپٹ ہوں، غربت ان ملکوں میں ہوتی ہے جہاں حکمران پیسہ چوری کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2013 کے مقابلے میں 33 فیصد سے زیادہ سستی سڑکیں بنارہے ہیں، 4 لین کی سڑکیں 53 فیصد کم قیمت پر بن رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ن لیگ نےسڑکوں پر 1 ہزار ارب روپے اضافی خرچ کیا، پوچھتا ہوں سڑکوں میں کرپشن کا یہ پیسہ کس کی جیب میں گیا؟، مہنگائی کے باوجود ن لیگ سے سستی سڑک بنارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لندن میں بڑے بڑے محلوں میں رہ رہے ہیں یہ سارا پیسہ یہاں سے گیا، چار اربوں روپے کےفلیٹس کا نہیں بتاسکے کہاں سے پیسہ آیا۔
عمران خان نے کہاکہ کیوں چاہتے ہیں جلدی سے حکومت گرادیں، پانچ سال کے بعد پرفارمنس سے انہیں سیاسی دکانیں بند ہونےکا خطرہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لندن میں محلات اور بڑی بڑی گاڑیوں کے لیے ملک سے چوری کا پیسہ گیا، آج تک ایک دستاویز نہیں دے سکے۔
Comments are closed.