وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی این ایس بدر پاکستان اور ترکی کے اشتراک کی بہترین مثال ہے، دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا آغاز ہو گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی شپ یارڈ میں ملجم کلاس جہاز پی این ایس بدر کی لانچنگ تقریب میں خصوصی شرکت کی، تقریب میں ترکی کے وزیر دفاع بھی شریک ہوئے، ترکی کے تعاون سے چار جہاز تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کے علاوہ ترکی کے وزیر دفاع و دیگر اہم شخصیات نے بھی تقریب میں شریک کی۔
جہاز ترکی کے ایم ایس اسفات کے تعاون سے کراچی شپ یارڈ میں تیار کیا گیا ہے۔
وزارت دفاعی پیداوار اور ترکی کے معاہدے کے تحت دو کارویٹس جہازوں کی تعمیر کی گئی ہے، دو کارویٹس جہازوں کی تعمیر پاکستان اور دو کی تعمیر ترکی میں کی جا رہی ہے۔
یہ چاروں جہاز اس وقت تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں، جہازوں کی شمولیت سے پاک بحریہ کی عسکری اور آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔
اس موقع پر موجود شرکاء سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ اس تقریب میں شرکت کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، میں سربراہ پاک بحریہ، ترک کمپنی اور شپ یارڈ کے عملے کو مبارکباد دیتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پی این ایس بدر پاکستان اور ترکی کے اشتراک کی بہترین مثال ہے جس سے پاک ترک تعلقات میں نئے دور کا آغاز ہوا ہے، پاکستان اور ترکی ایک قوم ہیں جو دو مختلف ملکوں میں رہتی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا کے دوران جہاز کی تیاری دونوں ملکوں کی بڑی کامیابی ہے، سی پیک منصوبہ علاقائی روابط کے فروغ کیلئے نہایت اہم ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جلد پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ترکی کا بڑا حصہ ہوگا، قدرتی آفات میں ترکی نے ہمیشہ پاکستان کی بڑھ چڑھ کر مدد کی۔
Comments are closed.