سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے کہا ہے کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی ایک خطرناک ٹیم ہے اور کسی بھی وقت دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتی ہے۔
سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ موجودہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بارے میں زیادہ نہیں جانتے لیکن میچ میں یہ چیزیں معنی نہیں رکھتیں کہ کون سی ٹیم کو کس ٹیم کے اوپر برتری حاصل ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں جیت اس کی ہوتی ہے جو دباؤ برداشت کرلے۔‘
کپل دیو نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بارے میں کہا کہ ’اگرچہ وہ ٹیم کے بارے میں زیادہ نہیں جانتے لیکن پھر بھی وہ یہ کہیں گے کہ پاکستان ٹی 20 میں ایک خطرناک ٹیم ہے، وہ کسی بھی دن کسی کو بھی شکست دے سکتی ہے۔‘
کپل دیو نے اس بات کو تسلیم کیا کہ ’بھارتی ٹیم کاغذ پر ایک مضبوط ٹیم ضرور ہے تاہم جیت کا انحصار اس بات پر ہے کہ کوہلی کی ٹیم میدان میں میچ تسلسل کےساتھ کھیل سکے گی یا نہیں۔‘
سابق بھارتی کرکٹر نے مزید کہا کہ ’دونوں ٹیموں کے درمیان آج جب ملاقات ہوگی تو غیر یقینی صورتحال کا عنصر موجود ہوگا کیونکہ دونوں ٹیموں نے تقریباََ دوسال سے زیادہ کا عرصہ ہوگیا ہے ایک دوسرے سےکوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔‘
انہوں نے میچ کے بارے میں مزید کہا کہ ’بھارتی ٹیم مضبوط دکھائی دیتی ہے لیکن پاکستان کے پاس بہت زیادہ غیر متوقع کھلاڑی ہیں، اگرچہ وہ محسوس کرتے ہیں کہ بھارت کو اس کے بارے میں فکر مند نہیں ہونا چاہیے۔‘
اپنی بات کے اختتام پر کپل دیو نےکہا کہ ’صرف ایک چیز اہم ہے اور وہ ہے دباؤ میں اچھی کارکردگی دکھانا ہے، پاکستان یہ میچ جیت سکتا ہے اگر بھارتی ٹیم دباؤ کو برداشت کرنے سے قاصر رہی۔‘
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سب سے بڑا میچ آج کھیلا جائے گا، پاک بھارت ٹاکرے میں وزیراعظم عمران خان بھی پاکستان کی جیت کے لیے پُرامید ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ آج پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے دبئی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
Comments are closed.