پاکستان فٹبال ٹیم 3 سال بعد پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے کے لیے تیار ہے، دوستانہ فٹبال میچ کے لیے اسکواڈ 13نومبر (اتوار) کو نیپال روانہ ہوگا۔
قومی ٹیم کی قیادت حسن بشیر کریں گے، محمد عمر حیات ان کے نائب ہوں گے۔
دیگر کھلاڑیوں میں گول کیپرز ثاقب حنیف، یوسف اعجاز بٹ اور عبدالباسط، ڈیفینڈرز زین(جونیئر)، سہیل خان، سید جنید علی شاہ، عبداللّٰہ شاہ، مامون موسیٰ، عبداللّٰہ اقبال، سردار ولی اور حسیب خان، مڈ فیلڈرز عمیر علی، زین العابدین اسحاق، عبدالقدیر خان، عالمگیر غازی، محمد عدنان یعقوب اور عدنان سعید، فارورڈز محمد افضل، محمد وحید، محمد ولید خان اور شائق دوست شامل ہیں۔
شہزاد انور ہیڈ کوچ، محمد حبیب اسسٹنٹ کوچ، زاہد تاج گول کیپنگ کوچ، ڈاکٹر عدنان فزیو، ارتضیٰ حسین منیجر، حسنین حیدر (میڈیا)، محمد علی ٹیم کوآرڈینیٹر، حیدر علی(میڈیا) اور عبدالقیوم مساجر کے طور پر ہمراہ ہوں گے۔
پاکستانی اسکواڈ اتوار کو فیصل آباد سے اڑان بھرنے کے بعد ٹور کا واحد دوستانہ میچ 16نومبر کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 4:15 پر کھیلے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان نے اپنا آخری انٹرنیشنل میچ 2019ء میں فیفا ورلڈکپ کوالیفائرز میں کمبوڈیا کیخلاف کھیلا تھا۔
پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم 3 سال کے بعد انٹرنیشنل ٹریک پر واپس آرہی ہے، ہمارے فٹبالرز کو اپنے ملک کی نمائندگی کا موقع مل رہا ہے، ان کو صلاحیتوں میں نکھار لانے اور اعتماد میں اضافے کا موقع ملے گا۔
ہیڈ کوچ شہزاد انور کا کہنا ہے کہ 7 ہفتے پر محیط ٹریننگ کے بعد اسکواڈ کو حتمی شکل دی گئی ہے، امید ہے کہ کھلاڑی جوش اور جذبے سے کھیلتے ہوئے کامیابی حاصل کریں گے۔
Comments are closed.