پاکستان کپ کا دوسرا سیمی فائنل انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد خیبرپختونخوا کی ٹیم نے جیت لیا۔
اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم کراچی پر ناردرن اور خیبرپختونخوا کے درمیان میچ پہلے مقررہ اوورز میں 303 ،303 رنز بنائے کے باعث برابر ہوا۔
ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل کا فیصلہ سپر اوورز میں ہوا اور عمران خان سینئر کی عمدہ بولنگ نے میچ کا رخ خیبرپختونخوا کے حق میں موڑ دیا۔
نادرن کے کپتان روحیل نذیر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، حماد اعظم 94، حیدر علی 65 اور روحیل نذیر 57 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔
نادرن نے مقررہ 50 اوورز میں8 وکٹ پر 303 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا، خیبرپختونخوا کی طرف سے محمد وسیم اور آصف آفریدی نے 2،2 جبکہ عمران خان، افتخار احمد اور خالد عثمان نے 1،1 کھلاڑی کو میدان بدر کیا۔
خیبرپختونخوا نے مقررہ اوورز میں 303 رنز ہی بنائے، اننگز کی خاص بات اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور مصدق احمد کی 127 رنز کی شراکت رہی۔
مصدق احمد کے 62 رنز پر پویلین لوٹ جانے کے بعد صاحبزادہ فرحان نے بیٹنگ کو جاری رکھا اور کئی خوبصورت اسٹروک کھیلے۔
صاحبزادہ فرحان نے اس دوران 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 132 رنز کی اننگز کھیلی اور ڈریسنگ روم لوٹ گئے، تاہم اس کے بعد کوئی کھلاڑی بڑا اسکور نہ کرسکا۔
سپر اوور میں خیبرپختونخوا نے ناردرن کو جیت کے لیے 16 رنز کا ہدف دیا لیکن عمران خان سینئر نے عمدہ بولنگ کی اور صرف2 رنز پر 2 وکٹیں اپنے نام کرلیں۔
پاکستان کپ کا فائنل خیبرپختونخوا ور سینٹرل پنجاب کے درمیان کل 31 جنوری کو اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔
Comments are closed.