وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کسی بھی صورت میں ڈیفالٹ نہیں ہونے دیں گے، بہتر منصوبہ بندی اور مشکل فیصلوں سے پاکستان معاشی استحکام حاصل کرلے گا۔
روزنامہ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ساڑھے تین سال تک منصوبہ بندی سے پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کرنے کی کوشش کی لیکن اللّٰہ تعالیٰ کا فضل ہوا کہ بر وقت فیصلوں سے پاکستان کو معاشی تباہی سے بچالیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت میں عمران خان نے پوری مسلم لیگ (ن) کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف سے لے کر مریم نواز، میاں شہباز شریف سے لے کر حمزہ شہباز سمیت پوری مسلم لیگ (ن) کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی گئیں جس سے معیشت تباہ ہوئی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ میرے ساتھ جس طرح انتقامی کارروائیاں کی گئیں اس کی مثال نہیں ملتی، میرے 45 سال پرانے گھر کو نیلام کرنے کی کوشش کی گئی۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ میرے اکاؤنٹ منجمد کیے گئے، خاندانی خیراتی ادارے کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی، ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کی خدمات کا صلہ اشتہاری بنا کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور اس کے سہولت کاروں نے اپنے انتقام میں ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا جسے بحال کرنے کے لیے اب ہمیں مشکل فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان بنانے والی جماعت ہے اور میاں نواز شریف کی قیادت میں یہی جماعت پاکستان بچائے گی بھی۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ میاں شہباز شریف اور ان کی پوری کابینہ 18، 18 گھنٹے کام کر رہی ہے، ہم جلد سیاسی استحکام کے ساتھ ساتھ معاشی استحکام بھی حاصل کرلیں گے۔
Comments are closed.