پاکستان نیوی نے روس اور سری لنکا کی بحری افواج کے ساتھ دوطرفہ بحری مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔
مشق امن2021 کے اختتام پر پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس عالمگیر اور پی این ایس اصلت نے روسی بحریہ کے جہازوں ایڈمرل گریگورووچ اور ڈی میٹری راگا چوو کے ساتھ شمالی بحیرہ عرب میں دو طرفہ مشق عریبین مون سون 2021 منعقد کی۔
دوسری طرف پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار نے سری لنکن بحریہ کے جہاز گاجا باہو کے ساتھ دو طرفہ مشق لائن اسٹار- II کا انعقاد کیا۔
ان مشقوں میں پاک بحریہ کے فضائی جہازوں، ہیلی کاپٹرز اور پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے بھی شرکت کی۔ مشقوں میں اینٹی سرفیس، اینٹی ائیر وار فئیر کے علاوہ مواصلاتی اور دیگر سرگرمیاں شامل تھیں۔
دوطرفہ مشقیں عریبین مون سون 2021اور لائن اسٹار – II بالترتیب روسی اور سری لنکن بحری افواج کے ساتھ تعاون اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کے فروغ کے لیے منعقد کی گئیں۔
یہ مشقیں خطے کے امن اور دیگر بحری افواج کے ساتھ بہتر تعلقات کے قیام کے لئے پاک بحریہ کے عزم کی مظہر ہیں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے نکھار اور باہمی تجربات سے سیکھنے کے لئے مفید ثابت ہوئیں۔
Comments are closed.