وزیر قانون پنجاب راجا بشارت نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کونسل کے فیصلے کے مطابق کالعدم تنظیم کو مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
لاہور میں قومی سلامتی کونسل کے فیصلوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے راجا بشارت نے کہا کہ کالعدم تنظیم کے احتجاج کے باعث پنجاب کے لاکھوں عوام شدید مشکلات کے شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سڑکیں اور ٹرانسپورٹ بند ہونے سے تمام طبقات سخت پریشان ہیں، لاہور تا راولپنڈی ٹرانسپورٹ بند ہونے سے لوگوں کا کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔
وزیر قانون پنجاب نے مزید کہا کہ مجموعی طور پر صوبے کی معیشت شدید متاثر ہورہی ہے، اثر غریب آدمی پر پڑے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کا غلط استعمال ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرناک ہے، پاکستان دشمن قوتوں کا آلہ کار بننا کسی لحاظ سے ملک اور دین کی خدمت نہیں۔
راجا بشارت نے یہ بھی کہا کہ ریاستی رٹ چیلنج کرکے مرضی کے فیصلے نہیں کروائے جا سکتے، ریاست آئین اور قانون کے تابع فیصلے کرتی ہے، اسے دباؤ میں نہیں لایا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کونسل کے فیصلے کے مطابق کالعدم تنظیم کو مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
Comments are closed.