پاکستان جونیئر لیگ کا میلہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سجا ہوا ہے 6 ٹیموں کے اس ایونٹ میں کئی ایک باصلاحیت نوجوان کھلاڑی سامنے آ رہے ہیں۔
پاکستان جونیئر لیگ میں حسن علی بھی ایکشن میں ہیں یہ حسن علی اسپنر ہیں اور وکٹ لے کر جشن منانے کا انداز بالکل فاسٹ بولر حسن علی کی طرح ہے جس سے انہوں نے سب کو متاثر کیا ہے۔
حسن علی جونیئر کا تعلق فیصل آباد سے ہے اور وہ گوجرنوالا جائنٹس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
حسن علی جونیئر نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فاسٹ بولر حسن علی کا تعلق گوجرنوالا سے ہے اور میں گوجرنوالا کی ٹیم میں شامل ہوں تو جب مجھے حسن علی جونیئر لکھا جانے لگا تو پھر میں نے گوجرنوالا ٹیم میں حسن علی کا اسٹائل لانے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ میں شروع ہی سے اسپن بولنگ کر رہا ہوں، میرے فیورٹ بولر آسٹریلیا کے نیتھن لائن ہیں، وہ بڑے اچھے انداز سے آف بریک کرتے ہیں۔
گوجرنوالا جائنٹس کے مینٹور شعیب ملک کے متعلق حسن علی جونیئر نے کہا کہ وہ نیٹ پر میرے ساتھ بولنگ کرتے ہیں اور مجھے بہت کچھ بتاتے ہیں، میچ سے قبل بھی اعتماد دیتے ہیں جس کا مجھے بہت فائدہ ہوتا ہے۔
دوسری جانب فاسٹ بولر حسن علی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں اپنے شہر کی ٹیم اور ایک کھلاڑی کو اپنا اسٹائل کاپی کرتے ہوئے دیکھ کر جذباتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میری نیک خواہشات نوجوانوں کے ساتھ ہیں۔
Comments are closed.