باکسنگ رنگ سے خوشخبری آگئی، پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ورلڈ یوتھ ٹائٹل جیت لیا۔
بنکاک میں ہونے والی ورلڈ یوتھ ٹائٹل فائٹ کے لیے عثمان وزیر جب رنگ میں اترے تو ان کی پھرتی اور پنچنگ کے آگے حریف باکسر بےبس دکھائی دیے۔
پہلے راؤنڈ سے ہی عثمان نے تھائی باکسر سومپوت سیسا کو پریشر میں لے لیا تھا حالانکہ تھائی باکسر کو اپنے ہوم گراؤنڈ کا ایڈوانٹیج حاصل تھا مگر عثمان کا کھیل شاندار تھا انھوں نے سومپوت سیسا کو چھٹے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر کے کامیابی حاصل کی۔
خیال رہے کہ ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن کے تحت ہونے والے اس مقابلے میں انڈر 23 کیٹیگری میں پہلی بار پاکستان حصہ لے رہا تھا۔
فتح کے بعد عثمان وزیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس تاریخی فائٹ کے لیے بڑی تیاری کی تھی، آج محنت کا صلہ مل گیا اور پاکستان کا پہلا باکسنگ ورلڈ چیپمئن بن گیا۔
انہوں نے کہا کہ اپنا ٹائٹل والدین کے نام کرتا ہوں جنہوں نے مجھے ہمیشہ سپورٹ کیا۔
عثمان وزیر نے ورلڈ یوتھ ٹائٹل جیتنے کے لیے ٹریننگ کروانے پر اپنے کوچز کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ورلڈ چیمپئن عثمان وزیر کا کہنا تھا کہ میں نے یہ ٹائٹل بغیر حکومتی سپورٹ کے جیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سے اپیل کرتا ہوں کہ ملک میں موجود باکسنگ ٹیلنٹ کو سپورٹ کریں تو پاکستان کو مزید کئی عثمان وزیر مل سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ گلگت بلتستان کے علاقے استور سے تعلق رکھنے والے عثمان وزیر اس سے قبل ایشین باکسنگ ٹائٹل اور ورلڈ باکسنگ فیڈریشن مڈل اسٹیٹ ٹائٹل بھی جیت چکے ہیں۔
Comments are closed.