ابوظہبی میں ایک پاکستانی آڈیٹر کی 15 ملین درہم کی لاٹری لگ گئی۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ایک پاکستانی نژاد آڈیٹر محمد انعام نے ایمریٹس ڈرا میں EASY6 گرانڈ پرائز کے طور پر 15 ملین درہم جیت لیے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محمد انعام2021ء سے لاٹری ایمریٹس ڈرا EASY6 خرید رہے تھے لیکن کبھی ان کا کوئی چھوٹا سا انعام بھی نہیں نکلا۔
یہی وجہ تھی کہ جب محمد انعام کو کمپنی کی جانب سے مبارکباد دیتے ہوئے لاٹری نکلنے کی اطلاع دی گئی تو اُنہیں یقین نہیں آیا اور اُنہیں لگا کہ یہ دھوکا ہے۔
لیکن پھر کمپنی کے ایک نمائندے نے اُنہیں کال پر یقین دلایا کہ ان کی لاٹری نکلی اور ان کے لیے ایک خصوصی تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا ہے۔
لاٹری نکلنے کے بارے میں محمد انعام کا کہنا ہے کہ میں تقدیر پر پختہ یقین رکھتا ہوں اور لاٹری نکلنے کے ساتھ ہی میری تمام دعائیں قبول ہو گئی ہیں، سب سے پہلے اب میں اپنی فیملی کے ساتھ حج پر جانا چاہتا ہوں۔
اُنہوں نے بتایا کہ میرے والد 1970ء میں پاکستان سے متحدہ عرب امارات آئے تھےجس کے بعد میں یہیں پر پیدا ہوا اور تعلیم بھی یہیں سے مکمل کی ۔
انہوں نے حج کرنے کے بعد بچ جانے والی رقم سے امارات میں مستقل رہائش اختیار کرنےکا ارادہ ظاہر کیا۔
Comments are closed.