بدھ یکم شعبان المعظم 1444ھ 22؍فروری 2023ء

پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ جیل بھرو تحریک میں شامل ہوں: عمران خان

پی ٹی آئی چیئرمین و سابق وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تمام پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ اپنی حقیقی آزادی کے لیے ہماری جیل بھرو تحریک میں شامل ہوں۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر جیل بھرو تحریک سے متعلق ویڈیو پیغام جاری کر دیا۔

اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ تحریک ملک کو آزاد اور خوش حال پاکستان بنائے گی، پاکستان تب خوش حال ہو گا جب ریاست آپ کے بنیادی حقوق کی حفاظت کرے گی۔

ان کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی جیل بھرو تحریک جہاد کا نام ہے، ایک آزادی کا نام ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا ہے کہ جتنے زیادہ لوگ اس تحریک میں شرکت کریں گے اتنی جلدی ہم اپنے مقصد تک پہنچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج سےحقیقی آزادی کے لیے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کی دو اہم وجوہات ہیں، یہ ہمارے آئینی ضمانت یافتہ بنیادی حقوق پر حملے کے خلاف پُر امن اور غیر متشدد احتجاج ہے۔

عمران خان نے کہا کہ یہ تحریک بدمعاشوں کے ٹولے کی لائی گئی معاشی بدحالی کے خلاف ہے، بدمعاشوں کے ٹولے نے لوٹ مار کے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ بدمعاشوں کے ٹولے نے عوام کو کچلتے ہوئے اپنے لیے این آر او حاصل کیے۔

پی ٹی آئی چیئرمین و سابق وزیرِ اعظم عمران خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہوں نے غریب اور متوسط طبقے کو مہنگائی اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے بوجھ تلے دبایا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف جیل بھرو تحریک کا آج (بدھ کو) لاہور سے آغاز کرے گی جس کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

پی ٹی آئی لاہور نے جیل بھرو تحریک کے حوالے سے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

لاہورتحریک انصاف جیل بھرو تحریک کا آج لاہور سے…

ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، ولید اقبال، سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر مراد راس گرفتاری دیں گے۔

تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کا اصرار تھا کہ وہ آج پہلے روز ہی گرفتاری دیں لیکن قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ طے شدہ طریقۂ کار کے مطابق آگے بڑھا جائے گا۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ عمران خان سمیت کون کب گرفتاری دے گا اس کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.