سیکرٹری بلدیات، ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ سندھ انجینئر سید نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ کراچی و حیدر آباد کی عوام کے حصے کا پانی چوری کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے، پانی کے بل ادا نہ کرنے والے صارفین کو قانونی نوٹس بھیجے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نے اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں اسپیشل سیکرٹری بلدیات خالد چاچڑ، ڈپٹی کمشنر حیدر آباد، ڈائریکٹر جنرل حیدر آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور واسا کے افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر سیکرٹری بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی و حیدر آباد کی عوام پہلے کی ناگزیر وجوہات کی بنا پر پانی کی کمی کا شکار ہے، صنعتی و رہائشی علاقوں میں مستقل بنیادوں پر فراہمی آب کے لئے حکومت سندھ رات دن کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر بلدیات و وزیر اعلیٰ سندھ کی بھی خصوصی توجہ عوام کو صاف پانی کی فراہمی پر ہے، لہٰذا کسی بھی صورت عوام کو پانی چوروں اور مفاد پرست عناصر کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔
نجم احمد شاہ نے دوٹوک الفاظ میں پانی کی تقسیم کا نظام شفاف بنانے کی ہدایات دیتے ہوئے گھریلو و کمرشل صارفین کو بل باقاعدگی سے پہنچانے کا حکم دیا اور کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ بروقت تمام علاقوں سے واٹر بورڈ کے بلوں کی ریکوری ہوتی رہے اور جن صارفین کو بلوں کی ادائیگی کرنے سے تکلیف ہوتی ہے ان کو قانونی نوٹس جاری کئے جائیں۔
سیکرٹری بلدیات سندھ نے یہ بھی کہا کہ تمام غیرقانونی واٹر ہائیڈرنٹس کی بیخ کنی مستقل طور پر جاری رکھی جائے اور بلک واٹر سپلائی کی لائنوں کی مستقل نگرانی کا بندوبست یقینی بنایا جائے۔
نجم احمد شاہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ واٹر سپلائی سے متعلق شکایات و تجاویز واٹر بورڈ و محکمہ بلدیات سندھ کے شکایتی نمبروں پر درج کروائی جائیں اور پانی کے استعمال میں احتیاط برتی جائے۔
Comments are closed.