یفگینی زینیچف: روس کے وزیر برائے آفاتِ ناگہانی شہری دفاع کی مشق کے دوران ہلاک
یفگینی زینیچف گذشتہ تین برس سے ایمرجنسیز یا آفات ناگہانی کی وزارت کے سربراہ تھے
روسی وزیر برائے ایمرجنسیز یا آفاتِ ناگہانی یفگینی زینیچف آرکٹک میں جاری شہری دفاع کی مشق کے دوران ایک حادثے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔
ان کے دفتر کا کہنا ہے کہ 55 سالہ زینیچف نوریلسک کے علاقے میں ایک دوسرے شخص کی جان بچانے کی کوشش میں مارے گئے۔
روسی براڈکاسٹر آر ٹی کی سربراہ مارگیریٹا سائمونیان کا کہنا ہے کہ ایک انٹرویو کے دوران ایک کیمرا مین چٹان پر سے گِر گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’وہ اور کیمرا مین چٹان کے بالکل کنارے پر تھے۔ کیمرا مین پھسل کر پانی میں گر پڑا۔
‘زینیچف نے اسے بچانے کی کوشش میں چھلانگ لگا دی اور ایک ابھرے ہوئے پتھر سے ٹکرانے کے بعد ہلاک ہوگئے۔‘
اس حادثے میں 63 سالہ کیمرا مین الیگزینڈر میلنِک بھی ہلاک ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیے
یفگینی زینیچف 2018 سے ایمرجنسیز کے وزیر تھے اور ان کا تعلق صدر ولادیمیر پوتن کے قریبی سکیورٹی حلقے سے بتایا جاتا ہے۔
وہ جاسوسی کے سوویت ادارے ’کے جی بی‘ میں بھی خدمات انجام دے چکے تھے اور 2016 تک وہ وفاقی سکیورٹی سروس سے وابستہ رہے۔
آرکٹک ڈرل میں 6000 کے لگ بھگ افراد حصہ لے رہے تھے
روسی میڈیا کے مطابق حادثے کے وقت وہ وزارت کے لیے ایک تربیتی ویڈیو کی شوٹنگ میں حصہ لے رہے تھے۔
ان کی لاش بدھ کے روز ہی دارالحکومت ماسکو پہنچا دی گئی۔
اس مشق کا اہتمام یفگینی زینیچف کی وزارت نے ہی کیا تھا جو روسی آرکٹک کے ساتھ خطوں پر محیط تھی۔
Comments are closed.