کراچی میں پی ٹی آئی اور پولیس کے درمیان ہونے والے تصادم میں ہونے والے زخمیوں کو جناح اسپتال پہنچادیا گیا ہے۔
ترجمان جناح اسپتال کا کہنا ہے کہ پانچ زخمیوں کو اسپتال لایا گیا ہے، زخمیوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے، دو زخمی افراد کو ایک ایک گولی لگی ہے۔
ترجمان جناح اسپتال کا کہنا ہے کہ ایک شخص آنسو گیس کی شیلنگ سے متاثر ہوا، پیٹ میں گولی لگنے سے زخمی اظہر احمد آپریشن تھیٹر میں ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دو افراد کو طبی امداد فراہم کرکے گھر بھیج دیا گیا، تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نمائش چورنگی پر تحریک انصاف کارکنان نے جمع ہونے کی کوشش کی، پولیس نے کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا جبکہ پی ٹی آئی کارکنان کے پتھراؤ سے 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
پی ٹی آئی کارکنان نے نورانی سگنل اورخداداد سگنل اوراطراف کی تمام دکانیں بند کروادیں، رہنما تحریک انصاف خرم شیر زمان خداداد کالونی سگنل پہنچ گئے۔
خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ پولیس مظاہرین کو ڈنڈے مار رہی ہے، شیلنگ، ہوائی فائرنگ کررہی ہے، پولیس نے عورتوں کو بھی ڈنڈے مارے، ہم پر امن بیٹھے تھے۔
نمائش چورنگی پر کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے ہوائی فائرنگ بھی کی، نورانی سگنل پر حالات کا جائزہ لینے ڈی آئی جی ایسٹ پہنچ گئے۔
مظاہرہن کے پتھراؤ سے 2 پولیس موبائلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، مشتعل افراد نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کرتے ہوئے پولیس موبائل پر توڑ پھوڑ بھی کی۔
Comments are closed.