ٹی 20 کرکٹ میں کم سکور کا نیا ریکارڈ: 10 رن پر پوری ٹیم آؤٹ پھر دو گیندوں پر دو چھکے اور میچ ختم
کرکٹ کی تاریخ میں نت نئے ریکارڈ بنتے رہتے ہیں تاہم ایک ریکارڈ جو کوئی بھی ٹیم اپنے نام کروانے سے کتراتی ہے وہ کم سے کم سکور پر آؤٹ ہونے کا ہوتا ہے۔
لیکن اتوار کے دن ٹی ٹوئنٹی کی ایک نئی تاریخ رقم ہوئی جب آئیل آف مین کی پوری ٹیم سپین کے خلاف صرف 10 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
یہ کوئی گلی محلے کا میچ نہیں بلکہ سپین میں کھیلا جانے والا ایک باقاعدہ بین الاقوامی میچ ٹی ٹوئنٹی تھا۔
آئیل آف مین برطانیہ اور آئر لینڈ کے درمیان واقع ایک چھوٹا سا جزیرہ ہے جس کی کرکٹ ٹیم 2017 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ساتھ بطور ایسوسی ایٹ رکن رجسٹر ہوئی۔
اس تاریخی میچ میں آئیل آف مین کی جانب سے جوزف بروز ٹاپ سکورر رہے جنھوں نے پولین لوٹنے قبل چار رن بنائے جو مجموعی سکور کا 40 فیصد تھا۔
ان کی ٹیم کے سات کھلاڑی صفر پر آوٹ ہوئے۔
دوسری جانب سپین کی جانب سے لیفٹ آرم فاسٹ بالر عاطف محمود اور محمد کامران نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔
ان میں کامران کی ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی۔ انھوں نے اپنے تیسرے اوور میں لوک وارڈ، کارل ہارٹمین اور ایڈورڈ بیئرڈ کو یکے بعد دیگرے آوٹ کیا تھا۔
معاملہ صرف یہاں ختم نہیں ہوا۔
اس میچ کی دلچسپ بات یہ بھی تھی کہ آئیل آف مین کی ٹیم کو 10 رن پر آوٹ کرنے کے بعد جب سپین کے اوپنر میدان میں آئے تو ان کے پاس پورے 20 اوور تھے۔
لیکن انھوں نے صرف دو گیندیں ہی کھیل کر آئیل آف مین کو ہرا دیا۔
اوپنر اویس احمد نے یکے بعد دیگرے پہلے اوور کی دو گیندوں پر چھکے لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی کا سب سے کم سکور آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں بنا تھا جب سڈنی تھنڈر کی ٹیم گذشتہ سال ایڈلیڈ سٹرائِیکر کے خلاف صرف 15 رن کا مجموعہ بنا سکی تھی۔
دوسری جانب کسی بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچ میں سب سے کم سکور کا اعزاز ترکی کے نام تھا جس کی کرکٹ ٹیم 2019 میں چیک ریپبلک کے خلاف 21 رن بنا کر آوٹ ہو گئی تھی۔
خبر رساں اسارے اے ایف پی کے مطابق سپین کے کوچ کوری رٹگرز نے میچ کے بعد کرک بز سے بات کی اور کہا کہ ’کامران اور محمود بہت اچھی سوئنگ کروا رہے تھے۔‘
’ان کی بال سٹمپ اور پیڈ کو ہٹ کر رہی تھی۔ بس چار رن پر چار آوٹ تھے، پھر پانچ رن پر پانچ آوٹ ہوئے، چھ پر چھ۔‘
’میں نے اپنی زندگی میں ایسا کبھی نہیں دیکھا۔‘
انھوں نے آئیل آف مین کی ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اتنے کم سکور پر آوٹ ہونے کے لیے نہیں بلکہ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک نئی ٹیم کے ساتھ میدان میں آئے اور ’مجھے امید ہے کہ وہ اس نتیجے سے دلبرداشتہ نہیں ہوں گے۔‘
’مجھے یقین ہے کہ وہ اس سے سیکھیں گے۔‘
واضح رہے کہ میچ کے آغاز سے قبل کسی کے وہم و گمان میں نہیں تھا کہ ایسا نتیجہ نکل سکتا ہے کیونکہ اس سے پہلے کھیلے گئے میچ میں آئیل آف مین نے سپین کے خلاف آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 132 رن بنائے تھے تاہم سپین نے سات وکٹ سے میچ جیت لیا تھا۔
حالیہ میچ میں دو گیندوں پر ہی شکست آئیل آف مین کی اس چھ روزہ میچوں کی سیریز میں چھٹی مسلسل شکست تھی۔
یاد رہے کہ آئیل آف مین کی کرکٹ ٹیم 2016 اور 2018 میں ورلڈ کپ کوالیفائر کھیل چکی ہے۔
Comments are closed.